دفاتر و شعباجات

ناظرہٴ قرآن کریم
جامعہ کے اس شعبہ میں آنے والے بچوں کو پہلے “قاعدہ” اور پھر ناظرہ ٴقرآن کریم اول تا آخر تجوید اور صحیح قراء ت کے ساتھ پڑھایاجاتاہے ،اس کے ساتھ ساتھ ان بچوں کواساتذئہ کرام اسلام کے بنیادی عقائد اور ضروری احکام خصوصاً وضو، طہارت اور نماز سے متعلق مسائل سکھاتے ہیں۔
تحفیظ قرآن کریم
جامعہ کا ایک اہم شعبہ “تحفیظ القرآن الکریم “ہے جس میں ناظرہ کے بعد بچوں کوقرآن کریم حفظ کرایا جاتاہے.
تجوید
جامعہ میں” فن تجوید “پر بھی پوری توجہ دی جاتی ہے تاکہ ہرطالب علم قرآن کریم کو صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھ سکے، اس لئے درجات حفظ کے علاوہ “درس نظامی “کے ابتدائی اور ثانوی درجوں میں بھی تجوید لازمی مضمون کی حیثیت سے پڑھائی جاتی ہے جسے فن تجوید کے ماہر اساتذہ پڑھاتے ہیں۔
متوسطہ
وہ بچے جو اسکو ل کی تعلیم حاصل کیے بغیر پڑھنے کے لیے آتے ہیں یاصرف پرائمری پڑھ کر آتے ہیں ،ان کو اس شعبہ میں ابتدائی عصری تعلیم دی جاتی ہے جس میں “مڈل ” کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اردو نوشت وخواند ،ابتدائی فارسی،تجوید اور بنیادی ضروری دینی تعلیم کا نصاب پڑھا یا جاتا ہے ۔
درس نظامی
یہ برصغیر کے تقریباً تمام دینی مدارس کا کم از کم مڈل یامتوسطہ کے بعد وہ بنیادی مشترکہ ومتفقہ آٹھ سالہ نصاب ہے جس کو “وفاق المدارس العربیہ “کی اصطلاح کے اعتبار سے چار تعلیمی مراحل پرتقسیم کیا گیاہے “عامہ ،خاصہ ،عالیہ اورعالمیہ “جبکہ ہر مرحلہ دو سال پر مشتمل ہے۔ان مراحل میں جو علوم پڑھائے جاتے ہیں وہ ترجمہ وتفسیر قرآن کریم ، اصول تفسیر، حدیث نبوی، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، علم میراث، علم کلام، سیرت نبوی، تاریخ اسلام اوردیگر علوم عربیہ جیسے صرف، نحو، لغت، بلاغت، ادب، عروض وقوافی، منطق، فلسفہ اورفلکیات وغیرہ پرمشتمل ہیں۔
جامعہ میں وفاق المدارس العربیہ کامجوزہ نصاب پڑھایاجاتاہے ،جامعہ کی مجلس تعلیمی نے بعض درجات میں وفاق کے نصاب کے علاوہ کئی دیگر مفید کتابیں بھی شامل کی ہیں ۔
متوسطہ (مڈل ) اور درس نظامی پڑھنے کے بعد وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے “عالمیہ ” (مساوی ایم اے ) کی سند دی جاتی ہے۔
تعلیم بنات
جامعہ میں طلبہ کی طرح طالبات کیلئے بھی ناظرہ ،حفظ قرآن کریم اور منتخب درس نظامی کا اہتمام ہے ،جس میں متوسطہ سے عالمیہ تک تعلیم دی جاتی ہے ،جبکہ عامہ تا عالمیہ کانصاب تعلیم وہی ہے جو وفاق المدارس العربیہ کا مجوزہ ہے،البتہ جامعہ میں پڑھنے والی طالبات کے لیے متوسطہ میں عصری علوم (ریاضی، انگریزی ، معاشرتی علوم ) کے علاوہ تجوید،عربی ،اردو نوشت وخواند اور اسلامی تعلیمات واحکام پر مشتمل کتب بھی شامل نصاب ہیں ۔
کتب خانہ (لائبریری)
جامعہ کے احاطہ میں ایک عظیم کتب خانہ ہے،جس میں درسی کتابوں کے علاوہ علوم اسلامیہ اور دیگر علوم کی ہزاروں اہم کتابیں موجود ہیں ،یہ کتب خانہ صبح وشام کے تعلیمی اوقات کے علاوہ مغرب تاعشاء بھی کھلا رہتا ہے ، طلبہ اور اساتذہٴ کرام اس سے علمی استفادہ کرتے ہیں۔